انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے سوات کے علاقے مدین میں سیاح کو قتل کرنے سے متعلق کیس میں 21 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
واضح رہے کہ سوات کے ایک اسپتال میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے شبے میں ایک ہجوم نے ایک شخص کو مار مار کر آگ لگا دی تھی۔ ہجوم نے ایک پولیس اسٹیشن کو بھی آگ لگا دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق 21 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کیا گیا جہاں انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا، عدالت نے واقعے میں ملوث دیگر 23 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے
گزشتہ روز سوات میں پولیس نے مدین واقعے میں دو بھائیوں سمیت 27 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے تھانے کو آگ لگانے کے الزام میں 27 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ مزید برآں، پولیس ٹیمیں مدین واقعے میں مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔