وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی کرنے کی منظوری دیدی، اس حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئی قانون سازی پر غور کیا گیا، اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔
اسلام آباد: ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی انتخابات کی قانون سازی کی بھی منظوری دی ہے، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیلئے 15 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ 16 فروری سے 19 فروری تک نتائج مرتب کیے جانے تھے ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اراکین کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری انتہائی کامیابی سے طے پائی اور بڈنگ کا عمل انتہائی شفاف رہا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے حکومت میں آتے ہی یہ عزم کیا تھا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائے گی، پی آئی اے کی نجکاری اس حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے، خسارے میں جانے والے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے ۔


