صوبائی دارالحکومت لاہور کو ماحول دوست بنانے کے لیے ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) ایونیو ون کا دورہ کیا اور لاہور کو بہترین ماحول دوست رہائشی شہر بنانے کے لیے 87 کنال پر محیط سینٹرل پارک کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے ایونیو ون سینٹرل پارک میں پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے ایونیو سوسائٹی میں ماحول کے تحفظ اور خوبصورتی کے لیے جدید اقدامات کیے گئے ہیں۔ ایل ڈی اے ایونیو کے سینٹرل پارک کو ماڈل پارک بنا دیا گیا ہے۔ سینٹرل پارک میں جاگنگ ٹریک، واک ویز، چلڈرن پلے ایریا، اوپن جم اور بیڈمنٹن کورٹ بنائے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے ایونیو ون سینٹرل پارک میں کیفے ٹیریا، مسجد اور گلاب کا باغ بنایا گیا ہے۔ سینٹرل پارک میں سولر اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی ہیں، کھانے پینے کی اشیا کے لیے خصوصی وینڈنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ ایل ڈی اے ایونیو ون میں رین واٹر ہارویسٹنگ، سائیکلنگ اور ماڈل قبرستان بھی بنایا گیا ہے۔
مریم نواز نے ایل ڈی اے ایونیو ون کے وینڈنگ پوائنٹس کا معائنہ کیا جہاں صاف اور نئے ڈیزائن کی گاڑیوں پر پھل اور سبزیاں فروخت کے لیے دستیاب تھیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ انتظام اچھا ہے، لیکن کسی دن وہ بے خبر دورہ کر کے دوبارہ چیک کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے کے اپ گریڈ شدہ انفورسمنٹ سکواڈ کا بھی معائنہ کیا اور نئی موٹر سائیکلوں کی چابیاں انفورسمنٹ سکواڈ کے حوالے کیں۔