لاہور میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی امتیاز شیخ کو گرفتار کرلیا۔
ایم پی اے کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنما پارٹی کے جلسے کے سلسلے میں اسلام آباد جانے کے لیے موقع پر جمع ہونا شروع ہوئے تھے۔پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے اسلام آباد جانے کی کوشش کے پیش نظر، پولیس کی ایک بڑی نفری پہلے ہی سے تعینات تھی جہنوں نے امتیاز شیخ کے علاوہ پارٹی کے دیگر کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کیا جو بڑے اجتماعات سے بچنے کے لیے نافذ کی گئی تھی۔ ان کے مطابق امتیاز شیخ کو پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں پارٹی کا عوامی اجتماع ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔ یاد رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔