اسلام آباد کے ترنول سٹاپ پر ریڑی بانوں اور رکشہ مافیا نے غیر قانونی قبضہ جما رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے ترنول سٹاپ پر رکشہ مافیا اور ریڑی بانوں کا قبضہ ہے۔جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جی ٹی روڈ پر ان عناصر کی سرگرمیوں کی وجہ سے نہ صرف گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی فٹ پاتھ استعمال کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، انتظامیہ کی نااہلی اور بے جا عنایات کی وجہ سے ریڑی بانوں، رکشہ مافیا اور قریبی ہوٹلوں نے جی ٹی روڈ پر غیر قانونی پارکنگ قائم کر رکھی ہے۔ حال ہی میں سی ڈی اے کے کامیاب آپریشن کے بعد بھی یہ عناصر دوبارہ اپنے قدم جما چکے ہیں، جس سے علاقے کی صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق علاقے کی عوام کا کہنا ہے کہ وہ کسی کے روزگار میں مداخلت نہیں چاہتے، لیکن یہ بھی ناگزیر ہے کہ ان کے حقوق اور سہولتوں کا خیال رکھا جائے۔ ترنول ایک چھوٹا شہر ہے، جہاں روزانہ دور دراز کے علاقوں سے لوگ کاروبار کے لیے آتے ہیں۔ اگر اسی طرح کی صورتحال جاری رہی تو جی ٹی روڈ پر سفر کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ریڑی بانوں اور رکشہ مافیا کے لیے مخصوص جگہیں مختص کی جائیں، اور ہوٹلوں کی غیر قانونی پارکنگ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ علاقے کی عوام کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔