اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں عمر ایوب خان، عامر ڈوگر، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر کی 7 مئی تک عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اویس احمد خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ نے پارٹی رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ درج کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی پی ٹی آئی پرامن ریلی نکالتی ہے تو اس کے خلاف مقدمات درج کیے جاتے ہیں۔
اس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی 5000 روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کر لی۔ اس سے قبل توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت 95 ‘جعلی’ مقدمات درج ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم سمیت پی ٹی آئی کے تمام کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عمر ایوب نے ایک آزاد کمیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کیا تھا جو 9 مئی کو ہونے والے فسادات کے ارد گرد کے واقعات کی تحقیقات کرے.