اے این ایف ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان نے بتایا کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے پاکستان بھر میں 10 کارروائیوں کے دوران 287 کلوگرام منشیات برآمد کرنے اور 16 ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
قابل ذکر ضبطیوں میں سے، 8,400 نشہ آور گولیوں پر مشتمل برطانیہ جانے والی کھیپ کو راولپنڈی میں ایک کورئیر کے دفتر سے روکا گیا۔ مزید برآں، ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب ایک شخص سے 108 کلو گرام چرس، 3.6 کلوگرام افیون اور 2 کلو آئس پکڑی گئی۔ ایک اور کارروائی کے نتیجے میں رنگ روڈ پشاور پر ایک ملزم سے 72 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔
الگ الگ واقعات میں M-1 اسلام آباد کے قریب سے 48 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ شیخوپورہ کے قریب تین افراد سے 24 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔ مزید برآں سہراب گوٹھ کراچی میں دو ملزمان سے 12کلو گرام جبکہ ٹندوجام حیدرآباد میں دو ملزمان سے 8کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ مزید برآں، جی نائن اسلام آباد میں پانچ ملزمان سے 5.8 کلو گرام چرس ضبط کر لی گئی۔
اسکے علاوہ برہان انٹر چینج اٹک کے قریب منشیات اسمگلر سے 2 کلو افیون اور اسلام آباد کی یونیورسٹی کے قریب سے گرفتار ملزم سے 105 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ گرفتار افراد کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے۔