ہنزہ (گلگت بلتستان) میں ڈپٹی کمشنر خوزیمہ انور نے وسطی ہنزہ، عطا آباد جھیل، بورتھ جھیل اور ڈوئیکر میں جاری تمام تعمیراتی این او سیز منسوخ کر دی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ماحولیاتی نظام، پانی کی صفائی اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ضروری تھا۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق، عطا آباد اور بورتھ جھیل ماحولیاتی طور پر حساس علاقے ہیں جہاں تعمیرات سے قدرتی حسن اور آبی حیات کو خطرہ لاحق ہے۔ علاقے میں ہوٹلوں کے ڈیزل جنریٹرز سے فضائی آلودگی بڑھ رہی ہے اور گندے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے دریا آلودہ ہو رہا ہے، جس سے ٹائیفائیڈ اور ہیپاٹائٹس جیسی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ ہنزہ میں ہوٹلوں کی تعداد حد سے بڑھ چکی ہے اور انفراسٹرکچر کی بے ہنگم تعمیرات قدرتی ماحول، گلیشیئرز اور مقامی آبادی کے لیے خطرہ ہیں۔
محکمہ ماحولیات اور مقامی رہنماؤں نے ماحول دوست سیاحت اور مقامی لوگوں کی شراکت سے پائیدار ترقی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔