مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے، پنجاب حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کر دی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کرایوں میں کمی 20 سے 190 روپے تک ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور سے کراچی کے کرایے میں 190 روپے کی کمی کی گئی ہے، لاہور سے پشاور کے کرایے میں 50 روپے اور راولپنڈی کے کرایے میں 20 روپے کی کمی کی گئی ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق اس اقدام سے پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔ صوبے بھر کے بس سٹیشنوں پر کرایوں کی نئی فہرستیں آویزاں کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لگاتار پانچواں موقع ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے اور حکومت نے دوسرے صوبوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس کی پیروی کریں اور مسافروں کو ریلیف فراہم کریں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت نے 30 ستمبر کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو کچھ ریلیف دیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 247 روپے 03 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.40 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.30 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 3 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔