ہری پور میں چیچیاں انٹر چینج کے قریب پولیس گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں سپیشل سیکیورٹی یونٹ کے ایک اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ۔
ہری پور: پولیس کے مطابق چیچیاں انٹرچینج پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں بالاکوٹ سے تعلق رکھنے والی ایس ایس یو (سپیشل سیکیورٹی یونٹ) کی پولیس وین تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وین کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا ۔
ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار طاہر جاوید موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دیگر چار اہلکار شدید زخمی ہو گئے ۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہری پور ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ ممکن ہو ۔