وفاقی کابینہ نے بدھ کو توشہ خانہ تحفہ قوانین میں ترامیم کی منظوری دے دی۔
اعلامیہ کے مطابق ان ترامیم کے تحت تحائف وصول کرنے والا تحائف اپنے پاس نہیں رکھے گا اور وصول کنندہ کے ادارے کی عمارت کے احاطے میں نمایاں جگہ پر رکھا جائے گا جبکہ شیلڈز، یادگاری اور دیگر تحائف کا مناسب ریکارڈ رکھا جائے گا۔ کابینہ نے تحائف کا جائزہ لینے والے نجی شعبے کے ماہر کے معاوضے میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت کے تحت توشہ خانہ پالیسی 2023 کی منظوری دی تھی۔ اس پالیسی کے تحت صدر، وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان کو 300 امریکی ڈالر سے زیادہ کے تحائف لینے سے منع کیا گیا تھا۔300 ڈالر سے کم کے تحائف مروجہ طریقہ کار کے تحت رقم ادا کر کے وصول کیے جا سکتے ہیں۔