گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وفاقی نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے ملاقات کی ، ملاقات میں گلگت بلتستان میں صحت کارڈ کی بحالی سمیت دیگر دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر نے صحت کے شعبے میں گلگت بلتستان کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صحت کارڈ کی بحالی یقینی بنایا جائے ،سہولیات کی کمی کے باعث گلگت بلتستان کے عوام اپنی علاج معالجے کےلئے ملک کے دیگر شہروں کا رخ کرتے ہیں، جگر اور گردے کی ٹرانسپلانٹ کےلئے گلگت بلتستان میں نئی ہسپتال کا قیام لازمی ہے ۔ گورنر نے میڈیکل کالج کے قیام کےلئے بھی وفاقی حکومت کو اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔
نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے یقین دلایا کہ صحت کارڈ کو گلگت بلتستان میں جلد بحال کریں گے اس سلسلے میں احکامات جاری کردیے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے، جگر اور گردہ ٹرانسپلانٹ ہسپتال کے قیام کےلیے پرعزم ہیں اور یہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لانے کےلئے بھی بھرپور کردار ادا کریں گے۔ گورنر گلگت بلتستان نے ڈاکٹر ندیم جان کی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا ،گورنر سید مہدی شاہ کی آمد پر وفاقی وزیر صحت نے یادگاری شیلڈ بھی پیش کئے۔