سکردو(ندیم خان) گلگت بلتستان میں لاپتہ ہونے والے پشاور کے لاپتہ سیاحوں کا سراغ لگا لیا گیا، سیاحوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تلاش کیا گیا، ترجمان گلگت حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق سیاحوں کی گاڑی راستے میں کہیں خراب ہو گئی تھی ۔
گلگت بلتستان میں اتوار سے لاپتہ پشاور کے چاروں سیاح بابو سر ٹاپ پر موجود پائے گئے، ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق سیاحوں کی گاڑی راستے میں خراب ہوگئی تھی جس کے باعث ان کا اہل خانہ سے رابطہ نہیں ہو سکا تھا ۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ سیاحوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تلاش کیا گیا، خوش قسمتی سے تمام سیاح خیریت سے ہیں، تاہم ان کے اہل خانہ اور کنٹرول رومز سے فوری رابطہ کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیر ضروری خدشے سے بچا جا سکے ۔
حکومت گلگت بلتستان نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی چیک پوسٹوں پر باقاعدہ رجسٹریشن کرائیں اور نشیبی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں تاکہ ہنگامی صورتِ حال سے بچا جا سکے ۔
گزشتہ روز خبر آئی تھی کہ 4 افراد پر مشتمل پشاور کا ایک خاندان اتوار سے گلگت بلتستان میں لاپتہ ہو گیا ہے ، جس کے بعد گلگت پولیس نے ان کی تلاش شروع کی تھی ۔