شمالی سوڈان میں منعقدہ اقوامِ متحدہ کے میڈل پریڈ کی تقریب میں گلگت بلتستان پولیس کے تین افسران نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ملک اور خطے کا نام روشن کیا۔
تقریب کے دوران گلگت بلتستان پولیس کے افسران کریم ایاز، راجہ عبد المجید اور مدثر ایوب کو اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں شاندار کارکردگی، پیشہ ورانہ خدمات، نظم و ضبط اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے پر اعزازی میڈلز سے نوازا گیا۔
تقریب میں پاکستان پولیس کے دستے نے بھرپور شرکت کی، جبکہ گلگت بلتستان پولیس کے یہ تینوں افسران اپنی نمایاں خدمات اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ حکام نے پاکستانی پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے عالمی امن کے قیام میں ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
یہ اعزاز نہ صرف گلگت بلتستان پولیس بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان پولیس اقوامِ متحدہ کے عالمی امن مشنز میں ایک مؤثر، ذمہ دار اور قابلِ اعتماد فورس کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔


