نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد ناصر کابینہ تشکیل دینے میں ناکامی کے بعد سیاسی اور انتظامی بحران کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر جنوری کے پہلے ہفتے کے اختتام تک نگران وزیراعلیٰ اپنی کابینہ مکمل کرنے میں کامیاب نہ ہوئے تو نیا نگران وزیراعلیٰ لانے کی تجویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ ایک ماہ سے زائد عرصے سے بغیر کابینہ کے اکیلے ہی انتظامی امور چلا رہے ہیں، جس کے باعث انتظامی نظام میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔
سیاسی، قانونی اور سماجی حلقوں نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر نگران وزیراعلیٰ اپنی کابینہ تشکیل نہیں دے سکے تو شفاف اور بروقت انتخابات کروانا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ اہل اور غیر جانبدار شخصیت کو وزیراعلیٰ بنایا جانا چاہیے تاکہ گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف اور بروقت ہو سکیں۔
گلگت بلتستان میں انتظامی بحران کی شدت کے پیش نظر اہم سیاسی حلقے نئے ناموں پر غور کر رہے ہیں، تاکہ نگران وزیراعلیٰ کی عدم کارکردگی سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کی کابینہ مکمل نہ کرنے کی صورت میں اس مسئلے کے حل کے لیے پارلیمانی اور سیاسی مشاورت کے ذریعے آئندہ اقدام طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات اور سیاسی استحکام کے لیے کابینہ کی تشکیل ناگزیر سمجھی جاتی ہے اور اس سلسلے میں آئندہ دنوں میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔


