اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اسکولوں کی طالبات اور اساتذہ کے لیے ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت مفت ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے وفاقی تعلیمی اداروں کی 20 کے قریب بسیں تیار کر کے سڑکوں پر لگائی جائیں گی۔ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت کے شہری اور دیہی علاقوں میں چلنے والی ان بسوں میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی طالبات اور اساتذہ مفت سفر کر سکیں گی۔
خواتین اور لڑکیوں کے لیے مختص ان بسوں کو گلابی رنگ دیا جائے گا۔ تعلیم کے سیکرٹری نے کہا کہ وزارت نے یہ قدم نقل و حمل کی ناکافی سہولیات کی وجہ سے لڑکیوں کے سکول چھوڑنے کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر اٹھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اندرونی آڈٹ میں پتہ چلا کہ وفاقی تعلیمی اداروں کی کل 385 بسوں میں سے 30 فیصد بسیں ناکارہ ہونے کی وجہ سے کھڑی ہیں۔ اہلکار نے بتایا کہ یہ بسیں بجٹ اور ڈرائیوروں کی کمی اور بروقت مرمت نہ کرنے کی وجہ سے استعمال نہیں ہو رہی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں خواتین کو بھی جگہ کی دستیابی سے مشروط ان گاڑیوں میں سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 15 جون تک یہ بسیں تیار ہو جائیں گی اور طالبات اور اساتذہ کے لیے خدمات فراہم کرنا شروع کر دیں گی۔