سابق امریکی صدر جمی کارٹر کا انتقال اتوار کی دوپہر جارجیا میں اپنے گھر پر ہوا۔ان کی عمر 100 برس تھی ۔
غیر ملکی خبر ایجسنی کے مطابق جمی کارٹرامریکا کے39 ویں صدر تھے۔ ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔انہوں نے 1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں ،بحیثیت صدرجمی کارٹر خراب معیشت اور ایران یرغمالی بحران سے نمبرد آزما رہے، انہوں نے اسرائیل اور مصر کے درمیان امن کے لیے ثالثی کی ۔
یہی وجہ تھی کہ جمی کارٹر کو 2002 میں امن کے لیے کوششوں پر نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا تھا مجمی کارٹر پہلے امریکی صدر تھے جنہوں نے 100 سالہ زندگی پائی ، امریکی صدر جوبائیڈن نے سابق صدر جمی کارٹر کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کا اعلان کیا ہے ۔
سابق امریکی صدر جمی کارٹر یکم اکتوبر 1924 کو ریاست جارجیا کے شہر پلینز میں پیدا ہوئے، اپنا بچپن جارجیا کے شہر آرچری میں گزارا اور پھر 1946 میں امریکی نیول اکیڈمی سے گریجویشن کی ۔
اس کے بعد جمی کارٹر نے امریکی بحریہ میں ملازمت اختیار کی اور وہاں ایک آبدوز میں کام کیا، بحریہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے سیاست میں حصہ لیا ۔
جمی کارٹر نے ریاست جارجیا کی قانون ساز اسمبلی کی نشست جیتی اور اس کے بعد 1971 میں ریاست جارجیا کے گورنر کا انتخاب جیت لیا،بعد ازاں دسمبر 1974 میں انہوں نے اگلے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا اور 1976میں انتخابات میں کامیابی حاصل کی ۔