ضلع بٹگرام میں عوام کو جدید اور شفاف سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم پیشرفت، حکومتِ خیبر پختونخوا کے محکمہ ریونیو و سٹیٹ کے تحت ای سٹیمپنگ سسٹم کے ای وینڈر ماڈل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سہیل اور اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم کے ہمراہ ای۔وینڈر ماڈیول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بٹگرام میں اب اسٹامپ پیپرز کا اجراء مکمل طور پر ای سٹیمپنگ سسٹم کے تحت کیا جائے گا ۔
حکام کے مطابق اس جدید نظام کے نفاذ سے نہ صرف شفافیت کو فروغ ملے گا بلکہ جعلی اسٹامپ پیپرز کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کا کہنا تھا کہ ای سٹیمپنگ سسٹم سے عوام کو آسان، تیز اور محفوظ سہولیات میسر آئیں گی اور ریونیو کا نظام مزید مضبوط ہوگا ۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ سرکاری امور میں تیزی اور بہتری بھی ممکن ہو سکے گی، ای۔وینڈر ماڈیول کے ذریعے سٹامپ پیپرز کے حصول کا عمل نہایت آسان اور قابلِ اعتماد بنایا گیا ہے ۔


