یشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ، اس دوران کشمیر ، گلگت بلتستان، چترال اور ہنزہ میں شدید بارشوں او ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، کشمیر او گلگت بلتستان میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے جب کہ دریائے چناب میں کم درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے ۔
رپورٹ کے مطابق دریائے کابل، سوات، چترال، ہنزہ، اور دیگر ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے جب کہ شدید بارشوں کے پیش نظر آزاد کشمیر سمیت مذکورہ دیگر علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ۔
الرٹ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں دریائے جہلم اور اس کے معاون نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور نالوں میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ممکن ہے ۔
بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں، ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں ۔
الرٹ میں کہا گیا کہ حساس علاقوں کے مکین ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں ۔