جمعرات کی صبح امیگریشن سسٹم میں آگ لگنے کے بعد لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن سہ پہر 3:30 بجے تک معطل رہے گا۔تاہم سی اے اے نے واضح کیا کہ لاہور ایئرپورٹ اندرون ملک اور کارگو پروازیں چلاتا رہے گا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے سے ایئرپورٹ پر امیگریشن سسٹم کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امیگریشن کا عمل رک گیا ہے دھوئیں کے باعث مسافروں کو امیگریشن لاؤنج سے نکالا گیا۔ ادھر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 آگ پر قابو پانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچ گئی۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔