کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے فائر فائٹرز نے بھرپور کوششوں ہری پور کے جنگلات سے وفاقی دارالحکومت کی مارگلہ پہاڑیوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا۔
تفصیلات کے مطابق ہری پور کے علاقے پیر شیرانی میں آگ بھڑک اٹھی جس پر سی ڈی اے کے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرکے قابو پالیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر 60 فائر فائٹرز پر مشتمل ایک ٹیم کو صوبہ کے پی اور اسلام آباد کی حدود میں روانہ کر دیا گیا۔
سی ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات ہری پور نے پیر شیرانی کے علاقے میں لگنے والی آگ بجھانے کے لیے سی ڈی اے سے مدد طلب کی۔دریں اثناء سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے مارگلہ ہلز پر آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مارگلہ ہلز پر آتشزدگی کے واقعات میں ملوث عناصر کا سراغ لگا کر ان کی نشاندہی کی جائے اور ایف آئی آر درج کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے اور اسلام آباد کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔