آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ کے دورے کے دوران اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں، فیلڈ مارشل نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ کا سرکاری دورہ کیا، دورے کے دوران فیلڈ مارشل کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں، فیلڈ مارشل نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کیں ۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل کرلا کی شاندار قیادت اور پاک امریکہ عسکری تعاون کے فروغ میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا جبکہ ایڈمرل کوپر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ باہمی تعاون جاری رہے گا تاکہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے ۔
فیلڈ مارشل نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، فیلڈ مارشل نے جنرل کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں کیں ۔
پاکستانی کمیونٹی سے ایک تعارفی نشست میں فیلڈ مارشل نے انہیں پاکستان کے روشن مستقبل پر پُراعتماد رہنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کا کہا، پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
یاد رہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا رواں سال امریکہ کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہے، اس سے قبل آرمی چیف جون میں سرکاری دورے پر امریکہ گئے تھے جہاں انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی دعوت پر وائٹ ہاؤس میں ظہرانے پر ان سے ملاقات کی تھی ۔