پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 22 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں کامیاب کارروائیوں کے دوران خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور جرات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔
گورنر نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


