عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے 28,000 سے زیادہ امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اب صرف 18,000 امیدوار انتخابات میں حصہ لے سکیں گئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے 17 ہزار 816 امیدوار الیکشن لڑیں گے۔ اس تعداد میں 16,930 مرد، 882 خواتین اور چار خواجہ سرا شامل تھے۔ ان میں سے 6,031 امیدواروں کو سیاسی جماعتوں نے میدان میں اتارا ہے جن میں 5,756 مرد اور 275 خواتین شامل ہیں جب کہ 11,785 آزاد امیدواروں میں 11,174 مرد، 607 خواتین اور چار خواجہ سرا شامل ہیں۔
قومی اسمبلی کی 266 جنرل نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 5,121 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 4,807 مرد، 312 خواتین اور دو خواجہ سرا شامل ہیں۔ این اے کی نشستوں پر انتخاب لڑنے والے آزاد امیدواروں کی کل تعداد 3,248 ہے۔ ان میں 3,027 مرد، 219 خواتین اور دو خواجہ سرا شامل ہیں۔
جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لیے کل 12,695 امیدوار میدان میں ہوں گے۔ ان میں 12,123 مرد، 570 خواتین اور دو خواجہ سرا شامل ہیں – صوبائی اسمبلیوں کے لیے آزاد امیدواروں کی کل تعداد 8,537 ہے جو کہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں سے دوگنا ہے۔ ان میں پنجاب کے لیے 4,838، سندھ کے لیے 1,929، کے پی کے لیے 1,033 اور بلوچستان کے لیے 739 شامل ہیں۔
اگرچہ ای سی پی نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں لیکن امیدواروں کی حتمی فہرست بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل شروع ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔