ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے،اس موقع پر ملک بھر کی مساجد، عید گاہوں میں نماز کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی ۔
اسلام آباد کی فیصل مسجد، لاہور کی بادشاہی مسجد، کراچی کے پولو گراؤنڈ،پشاور، مردان، اور خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں سمیت ملک بھر میں میں نماز عید کا مرکزی اجتماعات ہوئے ، جس میں اہم حکومتی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات سمیت لاکھوں لوگوں نے شرکت کی ۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ بالخصوص فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید بینظیر آباد (سابق نواب شاہ) جب کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے نماز عید لاڑکانہ میں ادا کی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نماز عید لاہور میں ادا کی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وزیراعظم کے ہمراہ نماز عید ادا کی ،اس موقع پر وزیراعظم نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی ۔
صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے جاتی امرا میں اہل خانہ اور کارکنان کے ہمراہ نماز عید ادا کی ۔
پشاور میں عید الفطر کی نماز مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ادا کی گئی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں نماز عید ادا کی ۔
اتوار کو ملک بھر میں شوال کا چاند نظر آیا تھااور شوال کے چاند کی رویت اور عیدالفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کیا ۔