اٹک میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے، جبکہ تین بین الصوبائی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
تھانہ اٹک خورد کی حدود میں سرچ پارک کے مقام پر پولیس نے خیبر پختونخوا سے پنجاب آنے والی ایک شہزور گاڑی کو روک کر تلاشی لی جس دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی ۔
ڈی پی او سردار موارہن خان کے مطابق منشیات کو نہایت مہارت سے گاڑی میں موجود خشک روٹی کے ٹکڑوں میں چھپایا گیا تھا ۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 120 کلو چرس اور 23 کلو افیون برآمد کرتے ہوئے وجاہت علی، محمد ذیشان اور زین العابدین کو گرفتار کر لیا ۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ منشیات پنجاب کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانی تھی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ گرفتار ملزمان کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا گیا ۔


