اٹک: اٹک میں ستھرا پنجاب پروگرام کا افتتاح کر دیا گیا. پروگرام لانچنگ کی تقریب مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی,
تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد تھے. تقریب میں ن لیگی پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی۔
تقریب میں کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، ڈی سی راﺅ عاطف رضااور افسران نے بھی شرکت کی، سی او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ساجد محمود نے ستھرا پنجاب کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام صوبہ بھر میں انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ صفائی ہمارے ایمان کا نصف حصہ ہے اور اسی طاقت اورایمانی جذبے سے ہم اس مہم کو کامیاب بنائیں گے، پروگرام کا مقصد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے شہروں اور دیہاتوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ پورے ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی اس اہم مہم کی نگرانی کریں گے۔ عوام اپنی شکایت 1139پردرج کرواسکتے ہیں جس پرفوری عمل درآمد ہوگا۔