وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں 28 مارچ کو "ارتھ آور” منانے کا اعلان کردیا۔
مریم نواز نے صوبہ بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عالمی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اعلامیے کے مطابق 28 مارچ کو پنجاب بھر میں رات ساڑھے آٹھ سے ساڑھے نو بجے تک روشنیاں بند رکھی جائیں گی تاکہ توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔
حکومت پنجاب نے ارتھ آور مہم میں اشتراک کار کے لیے سیکرٹری ماحولیات کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے، جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب صوبہ بھر میں اس مہم کی مانیٹرنگ کریں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو محفوظ اور صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارتھ آور مہم کا مقصد توانائی کے محفوظ استعمال کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے عوام، خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ توانائی کی بچت کی اس عالمی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور دنیا بھر میں جاری اس مہم کا فعال کردار بنیں۔


