راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں دو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع کچھی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسرے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے ضلع وڈھ میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں روک لیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔


