آزاد کشمیر پولیس نے ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے فرار ہونے والے مزید دو قیدیوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
چند روز قبل راولاکوٹ جیل سے 19 قیدی فرار ہوئے تھے جن میں سے ایک فرار کے دوران مارا گیا تھا۔ فرار ہونے والوں میں سزائے موت کے سات سے زائد قیدی بھی شامل تھے۔ زرائع کے مطابق کہ 30 گھنٹے گزرنے کے باوجود راولاکوٹ پولیس فرار ہونے والے قیدیوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد آئی جی آزاد کشمیر نے فرار ہونے والے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کا ٹاسک ایڈیشنل ایس پی میرپور خاور علی شوکت اور ایس پی باغ خرم اقبال کو سونپا۔
دونوں ایس پیز نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دیں۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب، ایس پی خاور علی اور ایس پی خرم اقبال کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے راولاکوٹ کے قریبی جنگل میں کارروائی کے دوران سزائے موت کے اہم ترین مفرور قیدیوں کو گرفتار کر لیا۔آپریشن میں تین پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال میں طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔
حالیہ رپورٹ کے مطابق پولیس کی دوسری کارروائی میں فرار ہونے والے دو مزید قیدی فیضان عزیز اور عثمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ باقی مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور جلد ہی سب کو گرفتار کر لیا جائے گا۔