راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RDA) نے ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔
آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق ٹاسک فورس نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کر دیا ہے۔ آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے ٹیکسلا میں کارروائی کرتے ہوئے ارورہ ہاؤسنگ سکیم، الخان انکلیو، لینڈ سب ڈویژن، واہ ریزیڈنشیا، فہد بلڈرز (غیر قانونی سکیموں کا دفتر ایجوکیشن ٹاؤن/واہ ہلز) نامی آٹھ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کی۔
یہ سکیمیں موضع لیب تھاٹھو، نیکو، بھوٹی پنڈ، بدھو، گاڑی افغانہ، اور بجاڑ، تحصیل ٹیکسلا، ضلع راولپنڈی میں واقع ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ انفورسمنٹ سکواڈ نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے سائیٹ دفاتر اور لینڈ سب ڈویژنز کو سیل اور مسمار کر دیا۔ یہ آپریشن کمشنر راولپنڈی ڈویژن محمد عبدالعامر خٹک، ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کے حکم پر کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ غیر قانونی اشتہارات، پلاٹوں کی بکنگ اور ترقیاتی کام بند کرنے کی وارننگ کے باوجود ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بکنگ آفس چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کے احکامات کے تحت فراڈ کی روک تھام اور شہریوں کو استحصال سے بچانے کے لیے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔