ایبٹ آباد: ایبٹ آباد میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے پستول اور چرس برآمد کر لی گئی۔ایبٹ آباد پولیس کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ عمر طفیل کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
گزشتہ رات تھانہ مانگل کی حدود ترہانہ لنک روڈ پر پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران جھگیاں کے رہائشی بدنام زمانہ منشیات فروش اور مختلف تھانہ جات میں منشیات کے متعدد مقدمات میں ملوث مثال خان ولد ظہیر خان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے موٹر سائیکل، پستول اور 2 کلو 626 گرام چرس برآمد کر لی۔ ملزم کے دوسرے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔ مانگل پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔