اسپین کے شہری نے شادیوں کی تقریب کو برباد کرنے کا منفرد کاروبار شروع کیا ہے۔
دنیا بھر میں آج تک دلہا دلہن کے شادی کے لمحات کو یادگار بنانے کے لئے ویڈنگ پلینرز کی جاتی ہیں۔جبکہ حال ہی میں ایک ایسا غیر ملکی کاروباری شخص سامنے آیا ہے جو کہ شادیوں کو یادگار بنانے کے بجائے دلہا یا دلہن کی خواہش پر ان کی شادی کی تقریب کو برباد کرنے کے پیسے لیتا ہے۔
غیرملکی رپورٹ کے مطابق ارنسٹورینیرز ویریا نامی شخص جس کا تعلق اسپین سے بتایا گیا ہے وہ لوگوں کی شادی کی تقریب کو یادگار بنانے کے بجائے پیسوں کے عوض ان کی تقریب کو برباد کرنے کا کاروبار کرتا ہے،ویریا کی آمدنی کا واحد ذریعہ پیسے لے کر شادیوں کو برباد کرنا ہے۔
انتہائی دلچسپ ترین بات یہ ہے کہ ویریا کے پاس آنے والے جوڑوں کی طرف سے اپنی ہی شادی کو برباد کرنے کا مطالبہ اتنا زیادہ بڑھ گیا ہےکہ ان کے پاس رواں سال دسمبر تک کی ایڈوانس بکنگ موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق ویریا کے بزنس کو اس وقت مقبولیت ملی جب انہوں نے اپنا پہلا آن لائن اشتہار دیا۔جس میں درج تھا کہ اگر آپ کو شک ہے یا اگرآپ شادی نہیں کرنا چاہتے اور انکار بھی نہیں کرسکتے تو آپ بالکل بھی پریشان نہ ہوں، میں آپ کی شادی پر اعتراض کروں گا۔
ویریا کیلئے شادی کو رکوانا انتہائی آسان کام ہے، شادی کو رکوانے کے خواہشمند افراد پیسے دے کر صرف شادی کے وقت اور تقریب کے مقام سے متعلق ویریا کو آگاہ کرتے ہیں،ایک شادی کو رکوانے کیلئے ویریا کا معاوضہ 500 یورو (ایک لاکھ 55ہزار سے زائد پاکستانی روپے) ہے۔
جب ڈیل طے ہوجاتی ہے تب ویریا شادی والے دن آکر کلائنٹ کو اپنا ’سچا پیار‘ کہہ کر شادی کو رکواتا ہے اور اس کے بعد تقریب سے چلاجاتا ہے۔
لیکن یہ ترکیب اتنی بھی آسان نہیں ہوتی کیوں کہ اس دوران ویریا کو دلہا یا دلہن کے اہل خانہ کی طرف سے مارپیٹ کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے لیکن اس کیلئے بھی ویریا نے ایک حل نکالا ہوا ہے وہ یہ کہ ویریا ہر گھونسے اور تھپڑ کے 50 یورو کلائنٹ سے اضافی وصول کرتاہے۔یاد رہے کہ ویریا لوگون کی شادی کو خراب کرنے کا کاروبار کرتا ہے اور اس کے پاس دسمبر تک کی ایڈوانس بکنگ بھی موجود ہے۔