78 ویں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر سنٹرل جیل ہری پور میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ہری پور حامد اعظم نے قومی پرچم لہرایا جبکہ جیل کے چاق و چوبند دستے نے قومی ترانے کی دھن پر سلامی پیش کی ۔
ہریپور: تقریب میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اختر حسین شاہ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محی الدین شاہ، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ، جیل اسٹاف، ایف سی اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے شرکت کی ۔
پرچم کشائی کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ بلند آواز میں "پاکستان زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے گئے ۔
تقریب خیبرپختونخوا حکومت اور آئی جی جیل خانہ جات عثمان محسود کی خصوصی ہدایات کے مطابق منائے گئے “معرکہ حقِ آزادی” کے سلسلے کی آخری کڑی تھی، جو 7 اگست سے 14 اگست تک جوش و خروش سے جاری رہا ۔
اس دوران مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن میں قرآن خوانی، صفائی مہم، تقاریر کے مقابلے، لڈو و کیرم کے کھیل، ایڈمنسٹریشن بلاک کی سجاوٹ، قیدیوں میں قومی پرچم کی تقسیم اور جیل کی عمارت کو رنگین لڑیوں سے آراستہ کرنا شامل تھے ۔
اختتامی دن یعنی 14 اگست کو مرکزی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی ۔