خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے میں مسافروں سے بھری بس گہری کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق اور 8 شدید زخمی ہو گئے ۔
ژوب: پولیس حکام کے مطابق ژوب میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے داناسر میں بریک فیل ہونے کی وجہ سے مسافربس گہری کھائی میں گرگئی، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں 40 مسافر جاں بحق اور 8 شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، جن کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق بس حادثے میں 40 افراد کے جاں بحق ہونےکی اطلاع ملی ہے، حادثے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں، بس حادثہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے میں پیش آیا ۔
شاہد رند نے مزید بتایا کہ بس حادثے کی جگہ بلوچستان اور کےپی حکومت کی ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں، پی ڈی ایم اے، محکمہ صحت، ایف سی اور دیگر ادارے متحرک ہیں، فوری اقدامات میں معاونت پر کے پی حکومت کے مشکور ہیں ۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے ژوب شیرانی شاہراہ پر مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کےلیے دعائے مغفرت کی اور متعلقہ اداروں کو زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، اس اندوہناک سانحے پر پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔


