پشاور: خیبرپختونخوا کا تعلیمی نظام گزشتہ ادوار کی غفلت، ناقص منصوبہ بندی اور سیاسی مداخلت کے باعث سنگین مسائل سے دوچار ہے۔
صوبے میں تقریباً 49 لاکھ بچے سکولوں سے باہر، 44 ہزار 747 تدریسی آسامیاں خالی اور 562 سکول غیر فعال ہیں۔
مزید برآں، 17 ہزار 353 کلاس رومز کو ازسرِنو تعمیر جبکہ 18 ہزار 476 کو بڑی مرمت کی ضرورت ہے۔
ماضی میں سیاسی بنیادوں پر تقرریوں، تبادلوں اور انتظامی فیصلوں نے میرٹ اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو متاثر کیا۔
دوسری جانب متعدد اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی باقاعدہ ماہانہ بنیادوں پر کرنے کے بجائے تاخیر سے کی جا رہی ہے، جس کے باعث انہیں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
نئی صوبائی حکومت تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے سکولوں کی بحالی، عمارتوں کی تعمیر و مرمت، اساتذہ کی بھرتیوں، میرٹ و شفافیت کے فروغ، سمارٹ کلاس رومز اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دے رہی ہے۔
اعلیٰ تعلیم کے اداروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ نوجوانوں کے لیے آئی ٹی، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔
حکومت کی ترجیح ہے کہ سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی دائرے میں لایا جائے، غیر فعال سکول بحال کیے جائیں، اساتذہ کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے.
سیاسی مداخلت کے بجائے میرٹ کو فروغ دے کر ہر بچے کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔


