اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہبازشریف نے لاہور اور کراچی ائیرپورٹس کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دے دی۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ملک کے بڑے شہروں میں ہوائی اڈوں کی توسیع اور ہوائی اڈوں پر مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا.
اجلاس میں وزیرِ اعظم نے توسیعی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
محمدشہبازشریف نے کہاکہ پاکستانی ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت اولین ترجیح اور ائیرپورٹس پر بین الاقوامی معیار کو مد نظر رکھ کر سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے توسیعی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور انہیں بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے توسیعی منصوبوں اور مسافروں کی سفری سہولیات کو بہترین بنانے کیلئے اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانےکی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ائیر پورٹس پر سفری سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات لی جائیں۔
ہوائی اڈوں پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے والے افسران و عملے کو اعلی سروس ڈلیوری کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈوں پر موجود مختلف اداروں کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنایا جائے اور مسافروں کی سہولت کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے۔
ہوائی اڈوں پر مسافروں کیلئے بہترین کیٹررز کی خدمات لی جائیں اور کھانے پینے کی معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔
اجلاس کو بڑے ائیرپورٹس پر سفری سہولیات کے معیار کو جانچنے کے حوالے سےحال ہی میں بین الاقوامی فرم کے زریعے مکمل کئے گئے سروے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو کراچی اور لاہور ائیر پورٹس کے توسیعی منصوبوں کے علاوہ ملک بھر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مختلف ہوائی اڈوں کی اپ گریڈیشن و جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو لاہور اور کراچی ائیرپورٹس کے ماسٹر پلانز اور ان کے تحت توسیع کی منصوبہ بندی اور تعمیر کی معینہ مدت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مقامی پروازوں کی بحال کیلئے 14 ایئر پورٹس فعال کئے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے مسافروں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹاف اور کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بڑے ائیرپورٹس پر بارڈر مینیجمینٹ کے خودکار نظام (E-GATES) کی تنصیب اور کراچی کو ائیر کارگو حب بنانے کیلئے ائیر کارگو ویلیج پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ہوائی اڈے پر مسافروں کی سہولت کیلئے میٹ اینڈ گریٹ سروس شروع کی گئی ہے۔
اسی طرح ایف آئی اے نے ملک کے بڑے ائیرپورٹس پر مسافروں کی بروقت راہنمائی کے لیے پری ڈیپارچر ڈیسک قائم کئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حیدرآباد میں ہوا بازی کے موجودہ ادارے کو مزید بہتر کرکے بین الاقوامی معیار کی ایویشن یونیورسٹی بنائی جائے گی۔


