اسلام آباد: کیریک ٹرنچ تھری منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور سردار اویس احمد خان لغاری نے کی۔
اجلاس میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے جاری کیریک ٹرنچ تھری منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر منصوبے کے چاروں حصوں پر عمل درآمد کی صورتحال کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری اقدامات، زمین کے حصول اور متاثرین کی بحالی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
شرکاء نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تقاضوں کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے اور متعلقہ امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں قومی اسمبلی کے اراکین سردار عمار احمد خان لغاری، سردار ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن خان دریشک اور سردار شمشیر علی مزاری، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چودھری سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


