پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ باہمی دفاعی معاہدے کے تحت پہلا اجلاس کل استمبول میں ہوگا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچ گئے ہیں ۔
اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کے پہلے اجلاس میں معاہدے کے خدوخال اور پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سرکاری مصروفیات کے سلسلے میں ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گئے ہیں ۔
ترجمان کے مطابق استنبول آمد پر ترکیہ کے ڈپٹی چیف آف سٹاف برائے انتظامی امور بریگیڈیئر جنرل شنول وارول، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، ترک وزارت خارجہ کے سفیر جیہاد ایرگینے اور دیگر اعلیٰ ترک حکام نے ان کا استقبال کیا ۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ استنبول پہنچنے کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کی سلامتی، امن و خوش حالی کے لیے دعا کی جبکہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے بھی خصوصی دعا کی ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ترکیہ میں اپنے سرکاری دورے کے دوران اہم ملاقاتیں اور دیگر مصروفیات انجام دیں گے ۔


