لاہور: وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت واسا پنجاب کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا.
اجلاس میں مون سون کے چوتھے سپیل کے پیش نظر تمام اضلاع کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
اجلاس میں ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور مختلف اضلاع کے ایم ڈیز نے تیاریوں اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔
بلال یاسین نے ہدایت کی کہ صرف آپریشنز ہی نہیں بلکہ دفتری عملہ بھی فیلڈ آپریشن کی کڑی نگرانی کرے۔
واسا عملے کے لیے یونیفارم لازمی اور جیو لوکیشن کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
وزیر ہاؤسنگ نے ڈی اسلٹنگ کا عمل بلا تعطل جاری رکھنے، اضافی عملہ اور مشینری کی فوری فراہمی کے لیے ڈی جی واسا کو ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متصل اضلاع کی مشینری اور لاہور واسا مکمل معاونت فراہم کرے گا۔
بلال یاسین نے مزید ہدایت کی کہ تمام ایم ڈیز کا خصوصی عملہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب اور مین ہولز کی رپورٹ پیش کرے۔
تمام ڈسپوزل سٹیشنز، مشینری، جنریٹرز اور خصوصی شکایات سیل مکمل فعال رکھے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان فوری رابطہ اور مشترکہ کارروائی یقینی بنائی جائے۔


