کراچی:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج شاندار تیزی رہی، جس کے نتیجے میں کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن انڈیکس کی 5 سطحیں عبور ہو گئیں۔
وفاقی بجٹ میں رئیل سٹیٹ، سیمنٹ، اسٹیل فارما سمیت دیگر شعبوں کو ریلیف ملنے، حصص مارکیٹ پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہ ہونے، امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر رضامندی جیسے مثبت اشاریوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بڑی نوعیت کی تیزی رہی۔
مارکیٹ میں انڈیکس کی 1لاکھ 73ہزار، 1لاکھ 74ہزار، 1لاکھ 75ہزار، 1لاکھ 76ہزار اور 1لاکھ 77ہزار پوائنٹس کی 5 سطحیں عبور ہوگئیں۔
تیزی کے سبب 70فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور حصص کی مالیت 6کھرب 12ارب 83کروڑ 06لاکھ 85ہزار 894 روپے بڑھ گئی۔
امریکا کی ایران کے خلاف بحری ناکابندی ختم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 3 اشاریہ 8فیصد تا 4اشاریہ 1فیصد کی کمی اور فریقین کے درمیان جمعہ کو امن معاہدے پر دستخط ہونے جیسے مثبت اشاریوں سے کاروبار کے آغاز سے اختتام تک مارکیٹ میں تیزی رہی۔
سرمایہ کاری کے شعبوں کی جانب سے اعلان کردہ نئے وفاقی بجٹ کا تیزی کی صورت میں خیرمقدم کرتے ہوئے بینکنگ، سیمنٹ آئل اینڈ گیس سمیت دیگر سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی گئی۔
بعد از بجٹ فنڈامینٹلز اچھے ہونے سے کاروبار کے تمام دورانیئے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا جس سے ایک موقع پر 4776پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔
نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 4639.92 پوائنٹس کے اضافے سے 177039.82پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ دورانیے میں کے ایس ای 30انڈیکس 1462.27پوائنٹس کے اضافے سے 52890.43 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 2511.25 پوائنٹس کے اضافے سے 106439.15پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 6731.57 پوائنٹس کے اضافے سے 253474.66پوائنٹس پر بند ہوا۔
آج کا کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 11فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 98کروڑ 80لاکھ 81ہزار 026 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 494 کمپنیوں کےحصص تک محدود رہا جن میں 346 کے بھاو میں اضافہ 119 کے داموں میں کمی اور 26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے بھاؤ 691روپے بڑھ کر 17869 روپے اور گندھارا انڈسٹری کے بھاؤ 62.07روپے بڑھ کر 1003.30 روپے ہوگئے جبکہ یونی لیور پاکستان فوڈز کے بھاؤ 142روپے گھٹ کر 25726 روپے اور سفائر فائبرز کے بھاؤ 14.67 روپے گھٹ کر 1132.65 روپے ہوگئے۔


