گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر انتخابات آج ہو رہے ہیں، مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا ۔
گلگت بلتستان میں الیکشن کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، انتخابات کو پر امن بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ،مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔
مقامی پولیس، گلگت بلتستان سکاؤٹس اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری بھی سیکیورٹی کے لیے موجود ہے، انتخابی حلقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فلیگ مارچ کیا گیا ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں 1391 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 488 نارمل، 349 حساس اور 551 انتہائی حساس قرار پائے ہیں ۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات میں مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، 396 مرد امیدوار جبکہ 8 خواتین امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔
پیپلز پارٹی 23 امیدوار، ن لیگ 22، استحکامِ پاکستان پارٹی 15، پاکستان مسلم لیگ11، جے یو آئی ف کے 9 امیدوار میدان میں ہیں ۔
ایم ڈبلیو ایم 7، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6 ،6 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی مختلف حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں ۔


