لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر اسرائیل کے فضائی حملے رک نہ سکے جس کے باعث ایران نے امریکہ کے ساتھ جاری جنگ بندی مذاکرات پر بات چیت سے انکار کردیا، ایرانی خبر ایجسنی کے مطابق لبنان بھی ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کی بنیادی شرائط میں شامل تھا ۔
ایران کے خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد امریکہ کیساتھ مذاکرات معطل کردیئے ۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لبنان بھی ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کی بنیادی شرائط میں شامل تھا ۔
تاہم اسرائیل مسلسل لبنان میں حزب اللہ پر حملے کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے اور آج ہی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنی فورسز کو لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملوں کا حکم دیا ہے ۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسی بنا پر ایرانی مذاکراتی ٹیم نے ثالثوں کے ذریعے امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات اور مسودات کے تبادلے کو معطل کر دیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جنگ کا فوری خاتمہ اور لبنان سے اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا ناگزیر ہے ۔
ایران میڈیا رپورٹ میں باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جب تک ان مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوتی امریکہ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے ۔
تاحال ایرانی حکومت یا قیادت کی جانب سے امریکہ کے ساتھ جاری جنگ بندی مذاکرات معطل کرنے کی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے تاہم ایرانی وزرا کے سخت بیانات اس جانب اشارہ ضرور دیتے ہیں ۔


