اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو بڑی سہولت دیتے ہوئے نارمل پاسپورٹ کے اجرا کی مدت 21 دن سے کم کرکے 14 دن کر دی ہے۔
یہ فیصلہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو مزید تیز اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب شہریوں کو نارمل پاسپورٹ 14 دن میں مل سکے گا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام 15 دن کے اندر نافذ کیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد ادائیگی کے عمل کو آسان بنانا اور بدعنوانی کے امکانات کو کم کرنا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کیش ادائیگی ختم ہونے سے ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ہوگا اور شہریوں کو براہ راست سہولت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام بھی ضروری ہے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاسپورٹ کی گھروں تک ڈیلیوری کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت بھی دی اور کہا کہ اس نظام کو جلد حتمی شکل دی جائے۔


