وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں کامیاب سیکیورٹی آپریشنز پر افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات مندانہ کارروائیوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر خاک میں ملا دیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے آپریشنز کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 10 بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ارضِ وطن کے دفاع میں مصروفِ عمل ہیں اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی اور دشمن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔


