بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات دہشتگردوں نے بیک وقت 12 مقامات پر حملے کیے، تاہم سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث دہشتگردوں کے تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی مختلف کارروائیوں میں اب تک 58 دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ حملوں اور جوابی کارروائی کے دوران سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 11 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کا مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف تعاقب اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے، جبکہ کارروائیوں میں مزید دہشتگردوں کی ہلاکت اور نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے گوادر میں ایک بلوچ مزدور خاندان کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں کا تعلق ضلع خضدار سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ شہداء میں ایک خاتون اور تین معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


