ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی جانب سے گلیات کے علاقے میں ہر قسم کی کمرشل اور دیگر تعمیراتی سرگرمیوں پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ جاری کردہ حکم نامے کے تحت آئندہ دو ماہ کی مدت کیلئے گلیات میں کسی بھی قسم کی نئی تعمیرات یا توسیعی کام پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس پابندی کا بنیادی مقصد گلیات کے قدرتی حسن کے تحفظ، ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور بے ہنگم و غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے، جو نہ صرف علاقے کی خوبصورتی کو نقصان پہنچا رہی ہیں بلکہ ماحولیات کیلئے بھی سنگین خطرات کا باعث بن رہی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کیا گیا یہ حکم نامہ پشاور ہائی کورٹ کے احکامات اور کمشنر ہزارہ ڈویژن کی قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نافذ کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے گلیات میں غیر منصوبہ بند تعمیرات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کی سفارش کی تھی۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام، تعمیراتی اداروں اور سرمایہ کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کی پاسداری کریں اور گلیات کے قدرتی ماحول کے تحفظ میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔


