چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے عام انتخابات 2026 کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا، اعلامیے کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کیلئے پولنگ ڈے 24 جنوری 2026 مقرر کیا گیا ہے، جس کی منظوری صدرِ پاکستان نے دی ۔
گلگت(ندیم خان) نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی 15 سے 22 دسمبر 2025 تک وصول کیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہوگی، اسکروٹنی کا عمل 30 دسمبر تک مکمل کیا جائے گا ۔
اعلامیے کے مطابق امیدواروں کو ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف 3 جنوری 2026 تک اپیلیں دائر کرنے کی مہلت ہوگی، جن پر اپیلیٹ ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلے سنائے گا، نظرِ ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی جبکہ دستبرداری کی آخری تاریخ 12 جنوری مقرر ہے ۔
انتخابی نشانات 13 جنوری کو امیدواروں میں تقسیم کیے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ شیڈول خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشستوں پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوگا ۔
ادھر انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے، اور مختلف جماعتوں نے اپنی انتخابی مہمات کو مزید تیز کرنا شروع کر دیا ہے ۔


