ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر بم حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہو گئے، دھماکے کے بعد ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی ناکا بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔
ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس کے مطابق پنیالہ پولیس سٹیشن کی حدود میں پولیس موبائل پر حملہ کیا گیا، دھماکے اور فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔
شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں جب کہ دھماکے میں کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے ۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں اور پولیس کی جانب سے شہدا کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور جائے وقوع سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں ۔
بم دھماکے کے بعد ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی ناکا بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔
وفاقی وزیر داخلہ کی پولیس پر حملے کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور سخی جان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔


