سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ، دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر سبطین حیدر شہید ہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 8 اکتوبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے جنرل ایریا درابن میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی موثر اور کامیاب کارروائی کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ 7 خوارج ہلاک کئے گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع کوئٹہ کے رہائشی 30 سالہ میجر سبطین حیدر بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک شدہ خوارج سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے صفائی کی کارروائی جاری ہے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے اس عفریت کو جڑ سے مٹانے کے عزم پر قائم ہیں اور ہمارے بہادر بیٹوں کی ایسی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔